ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پریش میستا موت معاملے کی جلد تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس کی طرف سے احتجاج کی تیاری

پریش میستا موت معاملے کی جلد تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس کی طرف سے احتجاج کی تیاری

Fri, 06 Jul 2018 20:15:31    S.O. News Service

ہوناور 6؍جولائی (ایس او نیوز) چند مہینوں پہلے ہوناور میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے دوران ہوئی پریش میستا نامی نوجوان کی موت کے سلسلے میں جلدا زجلد تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس کی جانب سے تین مرحلوں میں احتجاج کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

بلاک کانگریس صدر جگدیپ تنگیری نے یہاں سوشیل کلب میں منعقدہ کانگریس کارکنان کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10جولائی کو صبح دس بجے پٹن پنچایت کے احاطے میں موجود مہاتما گاندھی کی مورتی پر پھولوں کی مالا چڑھانے کے ساتھ ایک دن کی بھوک ہڑتال کی جائے گی۔اس میٹنگ کے دوران جگدیپ تنگیری نے بی جے پی کے رویے کے خلاف اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے لیڈروں نے یقین دلایا تھا کہ مرکزکی مودی حکومت کے تحت رہنے والی تحقیقاتی ایجنسی سی بی آئی کو اگر پریش میستا موت کی تفتیش کی ذمہ داری سونپی گئی تو ایک ہفتے کے اندرمہلوک کے خاندان کو انصا ف دلایا جائے گا۔ وزیرآر وی دیشپانڈے، سابق ایم ایل اے شاردا شیٹی اور عوام کے مطالبے کو دیکھتے ہوئے اُس وقت کی سدارامیا حکومت نے واردات کے پانچ دنوں کے اندر ہی معاملہ سی بی آئی کو سونپ دیا تھا۔ لیکن سات مہینے گزرجانے کے باوجود اس معاملے میں کوئی پیش رفت نہیں ہورہی ہے۔ لہٰذا اس کی مذمت کرتے ہوئے کانگریس کارکنان تین مرحلوں میں احتجاج کریں گے اور انصاف دلانے کے لئے دباؤ بنائیں گے۔

بلاک کانگریس صدر نے مزید کہا کہ ضلع سے تعلق رکھنے والے وزیر اننت کمار ہیگڈے نے سی بی آئی تفتیش میں تیزی لانے اور جلد از جلد اس معاملے کو نمٹانے کا مطالبہ کرنے کے بجائے آئندہ لوک سبھا الیکشن تک موت کے اس مسئلے کوپر اسرار بنائے رکھنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔اس کے ذریعے حالیہ اسمبلی الیکشن کے دوران جو سیاسی فائدہ اٹھایا گیا تھا اسی طرح کا مفاد آئندہ لوک سبھا الیکشن میں حاصل کرنا ان لوگوں کا مقصد ہے۔

احتجاج کے منصوبے کا خلاصہ کرتے ہوئے جگدیپ نے کہا پہلے مرحلے پر دس جولائی کو بھوک ہڑتال کی جائے گی۔ اگر اس کے پندرہ دنوں کے اندر ہمارا مطالبہ پورا نہیں ہوتا ہے تو پھر سی بی آئی پر دباؤ بنانے کے لئے ’ہوناور بند ‘ کا اہتمام کیا جائے گا۔اور اگر اس کے بعد بھی کوئی پیش رفت نہیں ہوتی ہے تو پھر ’کاروار چلو‘ پدیاترا کی جائے گی اور جب تک انصاف نہیں ملتا تب تک مسلسل احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

اس موقع پر انہوں نے امن پسند عوام  سے درخواست کی کہ وہ کانگریس کی طرف سے کیے جانے والے ان احتجاجی مظاہروں میں ساتھ دیں اور پریش میستا کے خاندان کو انصاف دلانے کے لئے آگے بڑھیں۔میٹنگ کے دوران سابق ایم ایل اے شاردا شیٹی، تارا گوڈا اور دیگر کانگریسی لیڈران  موجود تھے۔


Share: